چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر بدستور برقرار رہیں گے اور ان کے خلاف چلائی جانے والی ہر مہم ناکام ہوگی۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کیا تھا اس لیے ان کی قیادت پر کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی صوبے میں مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں اور پارٹی قیادت کو ان کی کارکردگی پر مکمل اعتماد ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے خلاف بعض حلقوں کی جانب سے چلائی جانے والی مہم بے بنیاد ہے اور ایسے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کسی بھی قسم کی اندرونی یا بیرونی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی۔
بیرسٹر گوہر نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر کوئی فارورڈ بلاک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی متحد ہے تمام رہنما بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور سہیل آفریدی کو پارٹی کی مکمل سیاسی و تنظیمی حمایت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سہیل آفریدی کے بطور وزیراعلیٰ انتخاب کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی تھیں تاہم بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان نے پارٹی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں قیادت کے حوالے سے عمران خان کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔