لاہور میں محکمہ صحت و آبادی پنجاب نے طلبہ اور گریجویٹس کے لیے ایک اہم انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو صحت کے شعبے میں عملی تجربہ فراہم کرنا اور انہیں پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے بہتر طور پر تیار کرنا ہے۔ پروگرام خاص طور پر فارمیسی اور متعلقہ شعبوں کے طلبہ کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ انٹرن شپ پروگرام پنجاب کی سرکاری جامعات کے فارما ڈی طلبہ، گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے ہے۔ اس کے علاوہ ایسے فائنل ایئر طلبہ بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کے نتائج ابھی متوقع ہیں۔ فارما ڈی مکمل کرنے والے امیدوار بھی دو سال تک اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے، جبکہ ماسٹرز اور ایم فل مکمل کرنے والے طلبہ بھی دو سال کے اندر درخواست دے سکتے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق درخواست دینے کا مکمل عمل آن لائن ہوگا جس میں امیدواروں کو رجسٹریشن کے بعد اپنا پروفائل مکمل کرنا اور تمام ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف آن لائن درخواستیں ہی قابل قبول ہوں گی۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، اور امیدوار رات 12 بجے تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب کے تحت چلایا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کر کے صحت کے شعبے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اس انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوان نہ صرف عملی تجربہ حاصل کریں گے بلکہ مستقبل میں روزگار کے بہتر مواقع بھی حاصل کر سکیں گے