کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 9 مئی کو “جشن معرکہ حق” منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں خصوصی تقریبات اور عوامی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
پارٹی رہنما سعید غنی نے کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس پروگرام کی تفصیلات جاری کیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کراچی کے مختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم، پینا فلیکس اور اسٹالز لگائے جائیں گے جن کے ذریعے قومی افواج کی خدمات اور کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کرنا بتایا گیا ہے۔
سعید غنی کے مطابق مرکزی تقریب کراچی کے سی ویو پر منعقد کی جائے گی جس میں سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے اراکین، پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ تقریب میں نامور گلوکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے جبکہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا جس کے ذریعے جشن کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق یہ تقریبات پورے کراچی میں منعقد کی جائیں گی تاکہ عوام کو بڑے پیمانے پر اس قومی دن میں شامل کیا جا سکے اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دیا جا سکے۔