حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اہم اعلان، نوٹیفکیشن جاری

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اہم اعلان، نوٹیفکیشن جاری

  وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل ) اور کلائمٹ سپورٹ لیوی ( سی ایس ایل) کی وصولی کا اختیار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو سونپ دیا ہے جس کے بعد ادارہ وزارت پیٹرولیم اور پٹرولیم ڈویژن کے ایجنٹ کے طور پر یہ وصولیاں کرے گا۔

ایف بی آر نے اس حوالے سے باضابطہ ایس آر او جاری کر دیا ہے جس کے تحت سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترامیم کی گئی ہیں۔ نئے نظام کے ذریعے پیٹرولیم لیویز کی وصولی اور ریکارڈ کو مزید منظم اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔

نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی ( پی ڈی ایل) کے لیے نیا وصولی نظام متعارف کرایا گیا ہے جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی ( سی ایس ایل) کی وصولی کے لیے بھی ڈومیسٹک سیل انوائس ( ڈی ایس آئی ) جاری کر دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے تمام رجسٹرڈ خریداروں اور فروخت کنندگان کو مکمل کوائف فراہم کرنا ہوں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے کتنے ذخائر رہ گئے ؟ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وضاحت کر دی

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ رجسٹرڈ پیٹرول پمپس اور خریدار اداروں کو اپنی تمام تفصیلات جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ان تفصیلات میں این ٹی این نمبر، شناختی کارڈ نمبر، نام، خریداری کی نوعیت، ایچ ایس کوڈ، تاریخ، فروخت شدہ مقدار اور مالیت شامل ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہر لین دین پر وصول کی جانے والی لیوی کی شرح اور مالیت بھی واضح طور پر ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔ اگر کسی ادارے یا خریدار کو لیوی میں چھوٹ یا زیرو ریٹ سہولت حاصل ہو تو متعلقہ ایس آر او اور شیڈول کا حوالہ دینا ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق اب ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن میں بھی یہ تمام ریکارڈ شامل کیا جائے گا، جبکہ نظام کو ڈیجیٹل بنیادوں پر مانیٹر کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

editor

Related Articles