آٹھ صفر کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

آٹھ صفر کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “معرکہ حق” کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے معرکہ حق کے ہیروز کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے اتحاد، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی روشن مثال ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر،ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے باک اور مدبر قیادت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ “آٹھ صفر” کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا جبکہ پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کی گواہی دنیا نے دی اور دیتی رہے گی،  معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا ایسا نشان ثبت کیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی، پاک فضائیہ کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی، ایئر چیف مارشل

مریم نواز نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے، لیکن جب وقت آتا ہے تو پوری قوم بنیان مرصوص بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے معرکہ حق میں دیکھا کہ پوری قوم متحد اور یکسو ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک افواج اور پاکستانی عوام کے اتحاد نے دشمن کو سر جھکانے پر مجبور کردیا جبکہ پاکستان کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ حربی مہارت سے دشمن پر برتری ثابت کی ، آج دنیا بھر میں ہر محب وطن پاکستانی معرکہ حق کی کامیابی پر خوشی منا رہا ہے جبکہ پنجاب کے ہر شہر، گاوٴں اور گلی کوچے میں اس تاریخی کامیابی کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبہ، اساتذہ، تاجر، وکلا، سیاست دان، کسان اور دیگر طبقات سمیت پوری قوم معرکہ حق کی کامیابی کا جشن منا رہی ہے،  معرکہ حق تاریخِ عالم میں پاکستان کی عظمت اور قومی اتحاد کا ایک روشن باب بن چکا ہے۔

editor

Related Articles