وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، صدر مملکت

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر اپنے پیغام میں قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا

۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا، جن کی بدولت پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے۔

صدر زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور حکمتِ عملی کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جرات مندانہ فیصلوں نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیر معمولی مہارت و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری و دفاعی صلاحیتوں کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جس نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر کہا کہ یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اسی طرح، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رسوائی کم نہ ہوپائے! پاکستانی کباڑیے کے ہاتھوں بھارتی ڈرون کا پوسٹ مارٹم ، ویڈیو ایک بار پھر وائرل

صدر زرداری نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کے لیے ضروری قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان نے خطے میں توازن اور استحکام کی علامت کے طور پر خود کو منوایا ہے، اور ایران-امریکہ تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

Related Articles