کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے جہاں اب پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کے بھی ای چالان کیے جانے لگے ہیں۔ اس اقدام کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار ایک فیکٹری کی پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کی تصاویر بناتے ہوئے نظر آئے۔
فیکٹری کے ایک ملازم نے اس کارروائی کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد یہ معاملہ تیزی سے عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد ٹریفک پولیس حکام نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صرف ان موٹر سائیکلوں کے ای چالان کیے جا رہے ہیں جن کی نمبر پلیٹس ٹوٹی ہوئی، غیر واضح یا ادھوری ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ تصاویر صرف تصدیق اور آگاہی مہم کے مقصد کے لیے لی گئی تھیں تاکہ شہریوں کو قانون کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ متعلقہ کمپنیوں اور ملازمین کو پہلے ہی ہدایت کی جا چکی تھی کہ وہ اپنی موٹر سائیکلوں پر سرکاری منظور شدہ اور واضح نمبر پلیٹس لگائیں۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو چند روز پرانی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں پر درست اور واضح نمبر پلیٹس استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جرمانے یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔