تیل مہنگا ہونے کے باوجود گاڑیوں کے کرائے نہیں بڑھیں گے،ٹرانسپورٹرز اور حکومت میں معاملات طے

تیل مہنگا ہونے کے باوجود گاڑیوں کے کرائے نہیں بڑھیں گے،ٹرانسپورٹرز اور حکومت میں معاملات طے

پنجاب حکومت نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے موجودہ کرائے برقرار رہیں گے۔

حکومتی فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (RTA) کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں نگرانی کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کرائے نہ بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیوں ہوا؟ اصل وجہ سامنے آگئی

سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کے مطابق مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی جانب سے باقاعدہ بیانِ حلفی جمع کروا دیے گئے ہیں جن میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ موجودہ کرایوں میں کوئی خود ساختہ اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کرایوں میں من مانا اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام بڑے بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جا سکے۔

رانا محسن کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا مقصد عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

editor

Related Articles