معرکۂ حق کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے پُرمسرت اور تاریخی موقع پر، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پوری قوم اور افواجِ پاکستان کے تمام افسران و جوانوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور اتحاد کی روشن مثال قرار دی جا رہی ہے۔ مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک بھر میں شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات جاری ہیں۔ یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جا رہی ہیں اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق نے پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو مزید مضبوط کیا ہے، جس میں پاکستان نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ آپریشنز اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔ اس دوران، بری، بحری، فضائی، سائبر اور انفارمیشن ڈومین میں افواجِ پاکستان کی برتری نمایاں رہی۔ محدود وسائل کے باوجود، پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مستحکم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق نے عوام کے اعتماد کو افواجِ پاکستان پر مزید مستحکم کیا ہے اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن باہمی احترام اور انصاف کے اصولوں سے ہی ممکن ہے۔ افواجِ پاکستان ہر اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔