آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ملکی توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش کی خوشخبری سناتے ہوے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع چک آئل فیلڈ میں نئے کنویں چک 63-05 کی کامیاب تکمیل کا اعلان کر دیا ہے کمپنی نے اس کامیابی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کنویں کی پیداواری آزمائش کامیابی سے مکمل کی گئی جس کے دوران 32/64 انچ چوک کے ذریعے یومیہ 600 بیرل خام تیل اور 10.5 ملین معیاری مکعب فٹ گیس (MMSCFD) حاصل ہوئی جبکہ کنویں کا فلوئنگ پریشر 2,580 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا جو اس کی بہتر پیداواری صلاحیت کا مظہر ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس کنویں کی کھدائی کا آغاز 20 اپریل کو کیا گیا تھا۔ جدید تکنیکی طریقہ کار کے تحت اسے 3,325 میٹر گہرائی تک کھودا گیا جہاں میسیو سینڈ ذخائر تک کامیابی سے رسائی حاصل ہوئی جس کے بعد آزمائشی پیداوار میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔
کمپنی کے مطابق نئے کنویں سے حاصل ہونے والی گیس کو جلد سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ترسیلی نظام سے منسلک کیا جائے گا تاکہ گیس کو قومی گرڈ میں شامل کر کے گھریلو تجارتی اور صنعتی صارفین تک پہنچایا جا سکے۔
او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ چک لیز میں کمپنی بطور آپریٹر 62.5 فیصد ورکنگ انٹرسٹ رکھتی ہے جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے پاس 22.5 فیصد اور اورینٹ پیٹرولیم انکارپوریٹڈ لمیٹڈ کے پاس 15 فیصد ورکنگ انٹرسٹ موجود ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے کنویں سے حاصل ہونے والی تیل اور گیس کی پیداوار مقامی ہائیڈروکاربن وسائل میں اضافے کا باعث بنے گی جس سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانے اور ملکی توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف کمپنی کی تلاش و پیداوار کی حکمت عملی کی عکاس ہے بلکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے قومی معیشت کو تقویت دینے اور سرمایہ کاروں کے لیے طویل المدتی قدر پیدا کرنے کے عزم کی بھی مظہر ہے۔