معرکۂ حق میں روایتی دشمن بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے، اس موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں آج صبح ایک پروقار تقریب منعقد کی جا رہی ہے جس میں اعلیٰ عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے جو اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ تقریب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوں گے۔
تقریب کے دوران یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے،اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کی بھرپور حمایت کے باعث مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی افواجِ پاکستان کی اعلیٰ تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کامیابی نے نہ صرف افواجِ پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مزید مضبوط کیا ہے، اور قوم و افواج کا یہ اتحاد مستقبل میں بھی ہر آزمائش کا مقابلہ کرنے کی ضمانت ہے۔