دشمن کے دانت کھٹے کرنے اور ارضِ پاک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کرنے والے ’معرکہ حق‘ میں فتح کی پہلی سالگرہ آج ملک بھر میں بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں مرکزی اور پروقار تقریب کا آغاز جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہیں۔
سروسز چیفس کا شہدا کو خراجِ عقیدت
تقریب کے دوران مسلح افواج کے سربراہان نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپوتوں کو سلامی پیش کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو
پاک فضائیہ کے سربراہ نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
ایڈمرل نوید اشرف
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور معرکہ حق کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
معرکہ حق جب دشمن کو چھپنے کی جگہ نہ ملی
آج سے ٹھیک ایک سال قبل، پاکستان کی مسلح افواج نے مشترکہ آپریشن ‘معرکہ حق’ کے ذریعے دشمن کی جارحیت کا وہ منہ توڑ جواب دیا تھا جس کی مثال عصری تاریخ میں نہیں ملتی۔
اس معرکے میں پاک فضائیہ نے فضاؤں میں برتری ثابت کی، پاک بحریہ نے سمندروں میں دشمن کا گھیراؤ کیا اور پاک فوج نے سرحدوں پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
اسی معرکے کے دوران پاکستان نے اپنی نئی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور فیلڈ مارشل کے عہدے کی تجدید کے ساتھ عسکری قیادت نے نئے دفاعی نظریات متعارف کروائے۔