کراچی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے تحت نمائش چورنگی پر “جشن معرکہ” کے نام سے ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا اہتمام پی ایم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستانیت ہی ہماری اصل پہچان ہے اور ملک میں نفرت، مذہبی تقسیم اور تعصب کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم صرف اور صرف پاکستانیت، اتحاد اور قومی یکجہتی پر یقین رکھتی ہے اور یہی جذبہ ملک کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دشمن امن اور انسانیت کی زبان نہیں سمجھتا تاہم پاکستان ہمیشہ امن کا علمبردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ بہادری، قربانی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر چیلنج کا مؤثر جواب دیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
نہال ہاشمی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دیا گیا اتحاد، یقینِ محکم اور نظم و ضبط کا درس آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ قائداعظمؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی آزادی اور ترقی ہمارے اکابرین کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے نوجوان نسل کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ شرکاء نے ملک سے محبت اور یکجہتی کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔