معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا نیا ملی نغمہ تُو یاد رکھیں قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے عوام کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگیا
نغمے نے سوشل میڈیا سمیت مختلف حلقوں میں زبردست پذیرائی حاصل کی ہے جبکہ قوم میں جوش، ولولے اور فخر کا نیا جذبہ بھی پیدا کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمہ معرکۂ حق کی فیصلہ کن کامیابی قومی یکجہتی اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ نغمے میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان نے دفاعِ وطن کیلئے اپنی درست حکمت عملی، جرات اور طاقت کو دنیا بھر میں اپنی شناخت بنایا۔
نغمے کے طاقتور اشعار اور دل کو گرما دینے والی دھن میں مئی 2025 کے تاریخی لمحات کو اجاگر کیا گیا ہے جب پوری قوم اور مسلح افواج ایک مضبوط قوت بن کر ابھریں۔ نغمے میں دشمن کیلئے واضح اور دو ٹوک پیغام بھی دیا گیا ہے کہ پاکستان ہر آزمائش میں سرخرو ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
قومی نغمے میں جذبۂ حب الوطنی قومی اتحاد اور دفاعی قوت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ معرکۂ حق کو بھارت کے خلاف ایک تاریخی اور بھرپور جواب قرار دیا گیا ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی نغمے کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے اسے قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی قرار دیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ نغمہ نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گا۔