انمول پنکی معاملہ ، مزید د و لیڈ ی کانسٹیبلز معطل

انمول پنکی معاملہ ، مزید د و لیڈ ی کانسٹیبلز معطل

کراچی میں منشیات کیس کی ملزمہ انمول پنکی کو مبینہ پروٹوکول دینے کے معاملے پر پولیس حکام نے مزید سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 لیڈی کانسٹیبلز کو بھی معطل کردیا جس کے بعد کیس میں معطل اہلکاروں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق انمول پنکی کو عدالت میں پیشی کے دوران غیر معمولی سہولتیں اور پروٹوکول دیے جانے کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی تھی جس پر ایس ایس پی ساؤتھ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کی۔ تازہ کارروائی میں انمول پنکی کو عدالت لے جانے والی 2 لیڈی کانسٹیبلز کو لاپروائی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کردیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :انمول پنکی نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے کیا کیا ؟ تہلکہ خیز انکشافات

اس سے قبل گارڈن پولیس تھانے سے تعلق رکھنے والے 3 افسران کو بھی معطل کیا جاچکا ہے جن میں ایس ایچ او حنیف سیال، ایس آئی یو ظفر اقبال اور تفتیشی افسر سعید احمد شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان افسران نے دورانِ پیشی ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کیا اور مبینہ طور پر خصوصی پروٹوکول بھی دیا، جو قواعد و ضوابط کے خلاف تھا۔

  یہ بھی پڑھیں :پنکی کس کس کو پیسے دیتی رہی ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ذرائع کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران اہلکار نہ صرف ملزمہ کو راستہ دکھاتے رہے بلکہ اسے ایسے انداز میں سیکیورٹی فراہم کی گئی جس پر سوشل میڈیا صارفین اور شہریوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی۔ واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے معاملے کا نوٹس لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام معطل اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ انکوائری جاری ہے اور اگر مزید غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد ملے تو مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ کو اس انکوائری کی نگرانی سونپی گئی ہے جبکہ محکمہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ملزم کو قانون سے بالاتر سہولتیں دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

editor

Related Articles