ایوانِ صدر میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے قومی اعزازات تقسیم کیے۔
توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر اویس لغاری کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ توانائی اور خدماتِ عامہ کے شعبے میں نمایاں کردار پر محمد علی کو بھی ہلالِ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔
کھیل کے میدان میں خدمات کے اعتراف میں شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز دیا گیا، جبکہ معروف کوہ پیما شہروز کاشف کے لیے ہلالِ امتیاز کا اعزاز ان کی والدہ نے وصول کیا۔
جمہوریت کے لیے خدمات پر مرحوم نوابزادہ نصراللہ خان کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر عطاالحق قاسمی کو نشانِ امتیاز دیا گیا، جبکہ ادب اور خدماتِ عامہ میں کردار پر مرحوم عرفان الحق صدیقی کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ ادبی خدمات پر اصغر ندیم سید کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔
بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرنیوالے شہید لیاقت علی کے لیے ستارہ شجاعت کا اعزاز،شہید کا اعزاز ان کی والدہ نے وصول کیا ،غیر معمولی بہادری پر سپاہی اظہر محمود کو ہلالِ شجاعت دیا گیا، جبکہ وطن کے دفاع میں شہادت پانے والے سپاہی شاہ ولی خان، اے ایس آئی اعجاز خان شہید اور کانسٹیبل عالم زیب شہید کو بھی ہلالِ شجاعت کے اعزازات سے نوازا گیا۔
پولیس لائن بنوں میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے کانسٹیبل حفیظ اللہ کو بھی ان کی بہادری کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔