حکومت کا گیس کی قیمتوں سے متعلق بڑافیصلہ

حکومت کا گیس کی قیمتوں سے متعلق بڑافیصلہ

حکومت نے گیس صارفین کو دی جانے والی 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوری 2027 تک گیس پر دی جانے والی تمام رعایتیں مکمل طور پر ختم کردی جائیں گی اور آئندہ گیس اور بجلی پر سبسڈی استعمال کے بجائے آمدنی کی بنیاد پر دی جائے گی۔

حکومت نے گیس سیکٹر میں اصلاحات کے تحت کراس سبسڈی کے نظام کو ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صنعتوں، سی این جی، کمرشل اور سیمنٹ سیکٹر پر موجود اضافی مالی بوجھ کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت تمام صارفین سے یکساں اوسط گیس نرخ وصول کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ کم آمدنی والے گھرانوں کو براہِ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

کم آمدنی والے صارفین کی نشاندہی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا تاکہ مستحق خاندانوں کو سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم

اسلام آباد میں اوسط گیس ٹیرف 1750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے تاہم محفوظ صارفین اب بھی کم نرخ ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت سبسڈی کے نظام کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا تاکہ گیس کے نرخوں میں بتدریج اضافہ کیا جا سکے۔

Related Articles