پاکستانی اداکارہ صبا قمر ایک بار پھر اپنے منفرد خیالات اور فلسفیانہ اندازِ گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اداکارہ نے اپنی زندگی، خواہشات اور ادھورے پن کے احساس پر کھل کر بات کی، جس نے مداحوں کو بھی گہرے غور و فکر پر مجبور کر دیا۔
صبا قمر نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں اپنی زندگی بھارتی ہدایتکار امتیاز علی کی فلموں جیسی محسوس ہوتی ہے، جہاں ادھورے پن میں بھی ایک عجیب سی خوبصورتی اور کشش موجود ہوتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق وہ خود کو ایک ادھوری روح سمجھتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ زندگی میں کچھ چیزوں کا نامکمل رہ جانا بھی اپنی الگ اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انسان کی تمام خواہشات پوری ہو جائیں تو پھر خواہش کرنے کا جذبہ باقی نہیں رہتا، اسی لیے درد، کمی اور ادھورے پن میں بھی ایک خاص لطف چھپا ہوتا ہے۔
صبا قمر کے اس منفرد اور گہرے اندازِ فکر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جبکہ کئی مداحوں نے ان کے خیالات کو حقیقت کے قریب قرار دیا۔