دلجیت دوسانجھ آج دنیا بھر میں پنجابی موسیقی کا ایک بڑا نام سمجھے جاتے ہیں، تاہم ان کی پہچان ہر شخص کے لیے مختلف ہو سکتی ہے۔ کچھ لوگ انہیں ایک کامیاب گلوکار کے طور پر جانتے ہیں جبکہ کئی افراد کے نزدیک وہ پنجابی کلچر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے والی نمایاں شخصیت بن چکے ہیں۔
40 سالہ دلجیت دوسانجھ اس نئی نسل کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں جو روایتی پنجابی موسیقی کو ریپ اور ہپ ہاپ کے انداز کے ساتھ پیش کر رہے ہیں۔ ان کی موسیقی نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔
حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے امریکی میزبان جیمی فیلن کے مشہور پروگرام “دی ٹونائٹ شو” میں شرکت کی، جہاں انہیں “کائنات کے سب سے بڑے پنجابی فنکار” کے طور پر متعارف کرایا گیا۔دلجیت نے روایتی پنجابی لباس میں اسٹیج پر انٹری دی اور اپنے مقبول گانے ’بون ٹو شاین‘(Born To Shine) اور گوٹ(GOAT) پیش کیے، جس پر حاضرین خوب جھومتے دکھائی دیے۔
شو میں موجود فلمی ناقد سُچاریتا تیاگی نے کہا کہ دلجیت کی پرفارمنس شروع ہوتے ہی پورا ماحول بدل گیا اور چند لمحوں میں ہر شخص موسیقی پر محوِ رقص نظر آیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ شو کے ’’ہاؤس بینڈ‘‘ کے ارکان بھی دلجیت کی پرفارمنس سے بے حد متاثر اور خوش دکھائی دے رہے تھے۔