کراچی پولیس نے انمول المعروف “پنکی” کو گرفتار کر کے ملک بھر میں ڈرگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پنکی کو بڑے پیمانے پر کوکین اور مصنوعی منشیات کی سپلائی کرنے کی وجہ سے “کراچی کی کوکین کوئین” کے طور پر جانا جاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انمول کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر چھاپہ مارا گیا، جس کے دوران بڑی مقدار میں کوکین، کیمیکلز، میتھ ایمفیٹامین، کیٹامین، اسلحہ اور مبینہ موبائل ڈرگ پروڈکشن کا سامان برآمد ہوا۔ تحقیقات کے مطابق وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آن لائن اور دیگر ذرائع سے ڈرگ سپلائی کرنے کے نیٹ ورک میں ملوث تھی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنکی کا تعلق قصور سے ہے اور اس کی عمر تقریباً 30 سال کے لگ بھگ ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق اس کا کسٹمر بیس کافی وسیع تھا جس میں طلباء، سماجی اشرافیہ اور شہر کے پُر تعیش علاقوں جیسے ڈیفنس اور کلفٹن کے پارٹی حلقے شامل تھے۔
اس کیس میں نیا رخ اس وقت سامنے آیا جب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابقہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت کے دوران پنکی کو مبینہ طور پر بڑی رعایت ملی۔ ایف آئی آر کے ریکارڈ کے مطابق، 2022 میں لاہور سے انمول اور اس کے بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کے دوران 70 ملین روپے رشوت دے کر کیس سے چھٹکارا حاصل کیا تھا۔