حکومتِ پاکستان نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ“ کے نام سے پاور اسمارٹ موبائل ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے صارفین اب خود اپنے بجلی کے میٹر کی تصویر کھینچ کر محکمہ کو بھیج سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس جدید اقدام کا بنیادی مقصد بجلی کے بلوں میں شفافیت لانا اور صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات سے نجات دلانا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی نگرانی میں وزارتِ توانائی نے یہ ایپ ”اڑان پاکستان“ پروگرام کے تحت لانچ کی ہے۔
یہ ایپ پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی میٹر ریڈنگ براہِ راست متعلقہ سسٹم تک پہنچا سکیں گے تاکہ غلط ریڈنگ کا امکان ختم کیا جا سکے۔
ایپلی کیشن کے استعمال سے غلط یا اضافی میٹر ریڈنگ کے باعث آنے والے بھاری بلوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ اس کے ساتھ میٹر ریڈنگ کی تفصیلات بروقت اور بغیر کسی تاخیر کے حکومتی سسٹم تک پہنچیں گی، جبکہ روایتی میٹر ریڈنگ کے عمل میں انسانی غلطی یا ہیرا پھیری کا راستہ بھی بند ہو جائے گا۔
بجلی صارفین اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے اینڈرائیڈ موبائل پر گوگل پلے اسٹور اور آئی فون پر ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ایپ انسٹال کرنے کے بعد صارفین کو اپنا الیکٹریسٹی کنزیومر آئی ڈی درج کر کے اکاؤنٹ رجسٹر کرنا ہوگا۔
رجسٹریشن کے بعد صارفین بل پر دی گئی میٹر ریڈنگ کی مخصوص تاریخ، یعنی میٹر ریڈنگ ڈے پر اپنے میٹر کی واضح تصویر لیں گے اور مقررہ وقت یا ڈیڈ لائن سے پہلے اسے ایپ پر اپ لوڈ کریں گے تاکہ بل درست ریڈنگ کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
حکومت کے مطابق یہ ایپ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف عوام کے پیسوں کا ضیاع رکے گا بلکہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں پر صارفین کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔