سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ایک طویل عرصے سے منتظر فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب پروفائل پر موجود پوسٹس کو اپنی پسند کے مطابق ترتیب دینا ممکن ہو گیا ہے۔
انسٹاگرام انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے ’’ری آرڈر‘‘ (Reorder) فیچر کو عالمی سطح پر صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی بدولت صارفین اپنی پروفائل پر موجود تصاویر اور ویڈیوز کو کسی بھی ترتیب سے آگے یا پیچھے منتقل کر سکیں گے، چاہے وہ پوسٹس کئی سال قبل ہی کیوں نہ شیئر کی گئی ہوں۔
اس سے قبل انسٹاگرام پروفائل پر پوسٹس صرف تاریخ کے مطابق نظر آتی تھیں اور تازہ ترین پوسٹ سب سے اوپر دکھائی دیتی تھی، تاہم اب صارفین اپنی اہم، پسندیدہ یا نمایاں پوسٹس کو پروفائل کے اوپری حصے میں لا کر زیادہ نمایاں بنا سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد صارفین کو اپنی پروفائلز پر مزید کنٹرول فراہم کرنا اور انہیں اپنی ڈیجیٹل شناخت کو بہتر انداز میں پیش کرنے کا موقع دینا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے کریئیٹرز، کاروباری ادارے اور عام صارفین اپنی پروفائل گرڈ کو زیادہ منظم اور پرکشش بنا سکیں گے، جبکہ اہم مواد کو نمایاں کرنا بھی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ انسٹاگرام کے سربراہ نے تقریباً ایک سال قبل اس فیچر کی آزمائش کا اعلان کیا تھا، جسے اب مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔