2 اگست 2027 کو صدی کا سب سے طویل مکمل سورج گرہن دیکھا جائے گا، جسے ماہرین فلکیات ’’گریٹ نارتھ افریقن ایکلپس‘‘کا نام دے رہے ہیں۔
یہ نایاب فلکیاتی منظر شمالی افریقہ، جنوبی یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے بڑے حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جہاں دن کے وقت مکمل تاریکی چھا جائے گی۔ اس گرہن کا دورانیہ 6 منٹ 23 سیکنڈ ہوگا، جو اس صدی میں خشکی پر دیکھا جانے والا سب سے طویل مکمل سورج گرہن قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دوران چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لے گا، جس کے نتیجے میں آسمان پر سورج کا دلکش کورونا واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، جو عام حالات میں نظر نہیں آتا۔
گرہن کا راستہ اسپین، مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا، مصر، سعودی عرب اور یمن سے گزرتا ہوا آگے بڑھے گا۔ ماہرین کے مطابق مصر کا تاریخی شہر لکسور اس فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے بہترین مقام تصور کیا جا رہا ہے۔
فلکیات کے ماہرین کے مطابق اس نوعیت کا اگلا بڑا مکمل سورج گرہن 2114 سے پہلے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا، جس کے باعث یہ واقعہ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔