کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملک میں سونے کی قیمت مستحکم رہی۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 75 ہزار 362 روپے پر برقرار رہی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 لاکھ 7 ہزار 546 روپے پر مستحکم رہی۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ اس کمی کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور شرح سود میں ممکنہ اضافے کی توقعات قرار دی جا رہی ہیں۔
جمعہ کے روز اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 527 اعشاریہ 60 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر بھی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.3 فیصد کم ہو کر 4 ہزار 529 اعشاریہ 10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتے رہے۔
ماہرین کے مطابق مضبوط امریکی ڈالر سونے کو دیگر کرنسی رکھنے والوں کے لیے مہنگا بنا دیتا ہے، جس سے طلب متاثر ہوتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بلند شرح سود بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔