ریاض میں کھیلے گئے سعودی پرو لیگ کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں النصر کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دماق کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر سات سال بعد لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور میدان میں بھرپور جشن منایا گیا۔
میچ کے آغاز سے ہی النصر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف میں سادیو مانے کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ دوسرے ہاف کے 52ویں منٹ میں کومان نے دوسرا گول کر کے ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی۔ اس کے چند منٹ بعد دماق نے پنالٹی پر ایک گول کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کیتاہم النصر نے دوبارہ دباؤ بڑھا دیا۔
63ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار گول کر کے ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی جبکہ 18 منٹ بعد انہوں نے اپنا دوسرا اور میچ کا چوتھا گول اسکور کر کے فتح کو یقینی بنا دیا۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی عالمی کلاس ثابت کی اور ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔
میچ کے اختتام پر النصر کے کھلاڑیوں نے بھرپور جشن منایا جبکہ رونالڈو نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرم بجا کر شائقین کو محظوظ کیا۔ اس فتح کے ساتھ النصر کلب نے سات سال بعد سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔