محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم مزید گرم اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان وِرک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پیر سے ماہِ مئی کے اختتام تک ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں ، ان کاکہنا تھا کہ وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، جنوبی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
عرفان وِرک نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران تفریح یا سیر و سیاحت کے لیے دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور ممکن ہو تو شام یا رات کے وقت سفر یا تفریح کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سندھ میں بھی شدید گرمی کی نئی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے کہا ہے کہ بزرگ، بچے، خواتین اور کسان خصوصاً دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال رکھیں۔