ملک میں کبھی گرمی تو کبھی بارش ، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، شہر کا درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے اور فضا پر 50 فیصد سے زائد بادل چھائے ہوئے ہیں ، سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شہر میں جنوب مغربی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی کے فضائی معیار کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔