بلوچ رہنما ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے چمن پھاٹک کوئٹہ کے قریب ٹرین پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد عناصر نے معصوم شہریوں کو اپنی سفاک کارروائی کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے موقع پر اپنے گھروں کو جانے والے نہتے مسافروں، خواتین اور بچوں پر حملہ کھلی درندگی اور انسانیت دشمنی ہے۔
ایکس پراپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کو خون میں نہلانے والے عناصر نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچ روایات، اقدار اور ثقافت کے بھی دشمن ہیں۔بلوچ معاشرہ ہمیشہ مہمان نوازی، احترامِ انسانیت اور امن کا علمبردار رہا ہے، ایسے میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی طور بلوچ روایت یا جدوجہد کا حصہ نہیں ہوسکتا۔
نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ کون سی نام نہاد تحریک یا جدوجہد ہے جس میں عورتوں، بچوں اور بے گناہ مسافروں کا خون بہایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں خوف پھیلانا چاہتے ہیں مگر صوبے کے غیور عوام ان سازشوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔
آج ایک بار پھر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو اپنی سفاک دہشتگردی کا نشانہ بنایا۔ چمن پھاٹک کے قریب عید کی تعطیلات پر اپنے گھروں کو روانہ نہتے مسافروں، خواتین اور بچوں سے بھری ٹرین پر حملہ نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچ روایات اور ہماری قومی اقدار پر بھی حملہ…
— Nawabzada Jamal Khan Raisani (@JamalRaisani) May 24, 2026

