مسجد نبوی میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کے خواہشمند زائرین کے لیے سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے نئے اوقاتِ کار اور بکنگ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت مرد اور خواتین زائرین کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ رش کو منظم رکھنے، عبادات میں سہولت فراہم کرنے اور زائرین کو بہتر انتظامات میسر آ سکیں۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق مرد حضرات روزانہ رات 2 بجے سے نمازِ فجر تک روضہ شریف کی زیارت کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ مرد زائرین کے لیے صبح 11 بج کر 20 منٹ سے نمازِ عشا تک بھی زیارت کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ان اوقات میں زائرین باقاعدہ بکنگ کے ذریعے حاضری دے سکیں گے۔
خواتین زائرین کے لیے بھی خصوصی اوقات مختص کیے گئے ہیں۔ جاری شیڈول کے مطابق خواتین فجر کی نماز کے بعد سے صبح 11 بجے تک روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کر سکیں گی جبکہ نمازِ عشا کے بعد رات 2 بجے تک بھی خواتین کے لیے زیارت کا وقت رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین عبادت اور سلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں۔
جمعہ کے روز زائرین کی غیر معمولی تعداد کے پیشِ نظر الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزارت کے مطابق جمعہ کو مرد حضرات کے لیے زیارت کا وقت رات 2 بجے سے نمازِ فجر تک اور صبح 9 بجے سے نمازِ عشا تک ہو گا جبکہ خواتین فجر کے بعد صبح 9 بجے تک اور نمازِ عشا کے بعد رات 2 بجے تک روضہ شریف کی زیارت کر سکیں گی۔
سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور پیشگی بکنگ کے نظام پر عمل کریں تاکہ تمام افراد کو آسانی اور سکون کے ساتھ زیارت کا موقع مل سکے۔ انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی ﷺ میں ہجوم کو کنٹرول کرنے اور زائرین کی رہنمائی کے لیے خصوصی عملہ بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب ہر سال حج اور عمرہ سیزن کے دوران مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے لاکھوں زائرین کی سہولت کے لیے مختلف انتظامات متعارف کراتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں بھی زیارتِ روضۂ رسول ﷺ کے لیے ڈیجیٹل بکنگ نظام، مخصوص اوقات اور الگ راستوں کا انتظام کیا گیا تھا تاکہ رش کم ہو اور زائرین کو پرسکون ماحول میں عبادت اور حاضری کی سہولت میسر آ سکے۔