پاکستان کی شوبز دنیا کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق شادی کی خبروں نے اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا جب ان کے قریبی ساتھی حمزہ حبیب نے تصدیق کی کہ دونوں کا نکاح دو روز قبل انجام پا چکا ہے اور اب وہ محض منگنی کے رشتے میں نہیں بلکہ باقاعدہ میاں بیوی بن چکے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر حمزہ حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے ان کا نکاح ہو چکا ہے اور مومنہ اقبال اب ان کی قانونی اہلیہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کی عزت اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے اور کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔
دوسری جانب عدالت عالیہ لاہور نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے،ان کے خلاف جھنگ پولیس کی جانب سے ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں الزام ہے کہ انہوں نے ثاقب چڈھر نامی شخص کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی تھیں۔
عدالتی کارروائی کے بعد احاطۂ عدالت کے باہر حمزہ حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے اس مقدمے کو بے بنیاد اور سیاسی نوعیت کا قرار دی ان کا کہنا تھا کہ ان پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انہیں ایک منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص نے ان سے رابطہ کر کے مومنہ اقبال سے علیحدگی اختیار کرنے کے بدلے مالی فوائد کی پیشکش بھی کی تھی۔
حمزہ حبیب نے جذباتی انداز میں کہا کہ مومنہ اقبال ان کی عزت ہیں اور وہ ان کی شریکِ حیات ہیں، ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر عوامی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور صارفین کی جانب سے اس نئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات اور مختلف تبصروں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔