امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ایک بار پھر عالمی مالیاتی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اس بار سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں گولڈ کی قیمت دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کے بعد سرمایہ کاروں اور عام صارفین دونوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی غیر معمولی مضبوطی نے سونے کی قیمت کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونا مسلسل سستا ہورہا ہے جبکہ سرمایہ کار محتاط حکمت عملی اختیار کررہے ہیں۔
سونے کی قیمت میں کتنی کمی ہوئی؟
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کمی کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 4 ہزار 380 ڈالر 62 سینٹ تک گر گئی، جو 26 مارچ کے بعد کم ترین سطح تصور کی جارہی ہے۔
دوسری جانب عالمی سرمایہ کاروں کی نظریں امریکا ایران کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مرکوز ہیں, مسلسل بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی بڑھ رہی ہے۔
امریکی ڈالر کیوں مضبوط ہورہا ہے؟
ماہرین کے مطابق ایران پر امریکی کارروائیوں کے بعد امریکی ڈالر گزشتہ 7 روز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جب ڈالر مضبوط ہوتا ہے تو دیگر کرنسیوں میں سرمایہ رکھنے والے افراد کے لیے سونا مہنگا ہوجاتا ہے، جس کے باعث گولڈ کی طلب متاثر ہوتی ہے۔
اسٹون ایکس کے سینئر تجزیہ کار میٹ سمپسن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی تناؤ اب بھی برقرار ہے جبکہ امن مذاکرات سے متعلق بار بار غلط توقعات سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق اگر ڈالر اسی طرح مضبوط رہا تو سونے کی قیمت میں مزید کمی بھی ہوسکتی ہے۔
امریکا ایران کشیدگی کے ساتھ ساتھ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی عالمی معیشت کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر آسکتی ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بمباری اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی معیشت کو مزید دباؤ میں ڈال دیا ہے، سرمایہ کار اب محفوظ سرمایہ کاری کے نئے آپشنز تلاش کررہے ہیں۔
عوام اور سرمایہ کار کیا سوچ رہے ہیں؟
سونے کی قیمت میں اچانک کمی نے عام خریداروں کو حیران کردیا ہے، کئی افراد اسے سونا خریدنے کا بہترین موقع قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ سرمایہ کار مزید کمی کے انتظار میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی “گولڈ پرائس” اور “امریکا ایران کشیدگی” ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں ، صارفین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی حالات اب براہ راست عام آدمی کی جیب پر اثر ڈال رہے ہیں۔
کیا سونا مزید سستا ہوگا؟
معاشی ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں امریکا ایران کشیدگی، امریکی ڈالر کی پوزیشن اور خام تیل کی قیمتیں سونے کی مارکیٹ کا رخ طے کریں گی، اگر خطے میں تناؤ مزید بڑھا تو عالمی معیشت پر اس کے اثرات بھی شدید ہوسکتے ہیں، فی الحال سرمایہ کار محتاط ہیں اور عالمی مارکیٹ ہر نئی خبر پر فوری ردعمل دے رہی ہے۔