نائب وزیراعظم و وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے واشنگٹن پہنچنے پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا ، اسحاق ڈار آج امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں پاکستان امریکا دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے شعبوں اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال ہو گا ، سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد اسحاق ڈار آج ہی اسلام آباد واپس روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے لیے مذاکرات جاری ہیں، امریکی نائب صدر کے مطابق دونوں فریق معاہدے کے قریب ہیں، تاہم حتمی اتفاق ابھی باقی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم امور پر اعلیٰ سطح کے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سے قبل نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے نیو یارک میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، کثیر الجہتی نظام اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کے فروغ پر اتفاق کیا۔