بڑی عید پر بڑی خوشخبری،پٹرول کی قیمت میں حیرت انگیز کمی کااعلان

بڑی عید پر بڑی خوشخبری،پٹرول کی قیمت میں حیرت انگیز کمی کااعلان

وفاقی حکومت نے عید کے تیسرے روز عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو عوامی ریلیف کی پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا تھا اور حکومت مستقبل میں بھی عوامی مفاد کے فیصلے جاری رکھے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اور مال بردار ٹرانسپورٹ کے شعبے، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد کو ایندھن کی مد میں سبسڈی بھی فراہم کی گئی تاکہ عام شہریوں پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 1.46 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد نئی قیمت 92.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل 0.73 ڈالر سستا ہونے کے بعد 88.17 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

editor

Related Articles