بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ نے اپنے والد اور مشہور فلم ساز مہیش بھٹ کی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سونی رازدان سے شادی کے لیے اسلام قبول کیا تھا۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پوجا بھٹ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں اور ان کے نزدیک کسی بھی رشتے کی اصل بنیاد سچائی، دیانت داری اور ذمہ داری ہوتی ہے۔
انہوں نے اپنے والد کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوال اہم ہے کہ ایک ایسا شخص بہتر ہے جو اپنی محبت اور تعلقات کو کھلے عام تسلیم کرے، یا وہ جو خفیہ تعلقات رکھ کر دوہری زندگی گزارے۔
پوجا بھٹ کے مطابق مہیش بھٹ نے سونی رازدان کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز ضرور کیا، تاہم انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ اور خاندان سے مکمل طور پر تعلق ختم نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1986 میں دوسری شادی کے لیے مہیش بھٹ نے اسلام قبول کیا تھا، کیونکہ اس وقت وہ اپنی پہلی بیوی کو طلاق دیے بغیر سونی رازدان سے شادی کرنا چاہتے تھے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے والد کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ جن لوگوں سے رشتہ جوڑتے ہیں، ان کا ساتھ آسانی سے نہیں چھوڑتے۔
پوجا بھٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے جبکہ کچھ افراد نے اس معاملے پر مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مہیش بھٹ اور سونی رازدان کی شادی بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف شادیوں میں شمار کی جاتی ہے، جبکہ ان کی بیٹی عالیہ بھٹ آج بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شامل ہیں۔