وزن کم کرنے کی تشہیر مہنگی پڑگئی، آر مادھون کا قانونی نوٹس

وزن کم کرنے کی تشہیر مہنگی پڑگئی، آر مادھون کا قانونی نوٹس

بالی وڈ کے معروف اداکارآر مادھون نے اپنے ایک پرانے انٹرویو کے ترمیم شدہ کلپ کے مبینہ غلط استعمال پر ایک ہیلتھ برانڈ کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے قانونی نوٹس جاری کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ ہیلتھ برانڈ نے ان کی اجازت اور رضامندی کے بغیر ان کا ویڈیو کلپ استعمال کیا اور اسے اپنے وزن کم کرنے کے پروگراموں کی تشہیر کیلئے اس انداز میں پیش کیا جیسے وہ برانڈ کی خدمات کی حمایت کر رہے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:شان شاہد کراچی کی شوبز شخصیات پر برس پڑے

آر مادھون نے سوشل میڈیا پر اس تشہیری مواد کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں ان کے ایک پرانے انٹرویو کا حصہ شامل تھا۔ اس انٹرویو میں اداکار اپنی فٹنس روٹین اور صحت مند عادات پر گفتگو کر رہے تھے، تاہم برانڈ نے مبینہ طور پر اسی کلپ کو ایڈیٹ کر کے اپنی ویٹ لاس سروسز کی پروموشن کیلئے استعمال کیا۔

اداکار نے اس عمل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بعض کمپنیاں یہ سمجھتی ہیں کہ وہ کسی بھی شخصیت کے انٹرویو یا بیان کو اپنی تشہیر کیلئے استعمال کر کے بچ نکلیں گی۔

یہ بھی پڑھیں :ہالی وڈ اداکارفاران طاہرکی امریکا سےپاکستان منتقل ہونے کی وجہ سامنے آگئی

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی فرد کے انٹرویو کا کلپ لے کر اسے اپنی کمرشل مہم کا حصہ بنانا غیر اخلاقی اور ناقابل قبول عمل ہے، خاص طور پر جب اس کیلئے متعلقہ شخص کی اجازت موجود نہ ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آر مادھون کی قانونی ٹیم نے برانڈ کو نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں فوری طور پر تشہیری مواد ہٹانے اور اداکار کے نام و ویڈیو کے غیر مجاز استعمال پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل اشتہارات میں سیلیبریٹیز کے مواد کے غیر مجاز استعمال سے متعلق سوالات کو سامنے لے آیا ہے، جہاں کئی کمپنیاں مشہور شخصیات کے انٹرویوز یا ویڈیوز کو ایڈیٹ کر کے اپنی مصنوعات اور خدمات کی مارکیٹنگ کیلئے استعمال کرتی ہیں۔

editor

Related Articles