وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں فعال شرکت کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل خدمات بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیرالجہتی اصولوں سے اس کی دیرینہ وابستگی کی عکاس ہیں ، پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتا ہے، عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے ، اس سال یہ دن ’’امن کے فروغ میں سرمایہ کاری‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے ، یہ موضوع پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تخفظ کے فروغ میں پرعزم سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن کے قیام کی یاد کو بھی تازہ کرتا ہے جس نے 1948ء میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں ، امن دستوں کی تاریخ میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے ، عالمی امن کے قیام اور تخفظ میں ان ممالک کا امن دستوں کےتوسط سے نہایت موثرکردار ہے، یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان 1960ء سے لے کراب تک 235000 اہلکاروں کے ساتھ 48 سے زائد امن دستوں میں اپنی خدمات پیش کر چکا ہے جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
آج 29 مئی کو دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی امن کے قیام کیلئے خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
پاکستان عالمی امن مشنز میں خدمات سرانجام دینے والے اپنے بہادر افسران، جوانوں اور خواتین اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں اپنی افواج کے ذریعے سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
پاکستانی امن دستے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ سمیت مختلف خطوں میں امن مشنز کے تحت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
1960 سے اب تک پاکستان اقوامِ متحدہ کے 48 امن مشنز کے تحت 29 ممالک میں 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد فوجیوں کو تعینات کر چکا ہے۔
پاکستان نے پسماندہ ممالک میں مشکل حالات سے نمٹنے کیلئے جاری امن آپریشنز میں خواتین کی نمائندگی اور ان کے کردار کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے، پاکستانی پیس کیپرز اپنی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن کے ذریعے اقوامِ متحدہ کے مشنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے دوران اب تک 183 پاکستانی افسران اور جوان عالمی امن کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، پاکستانی امن دستوں کا عالمی امن اور استحکام کے قیام کیلئے کلیدی کردار مستقبل میں بھی بھرپور انداز سے جاری رہے گا۔