حکومت نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے کے خواہش مند اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے کو خوشخبری سنا دی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام کیلیے ہاؤسنگ فنانس میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کر لیا گیا۔
اس منصوبے کے تحت 5 لاکھ افراد کو ہاؤسنگ لون فراہم کرنے کے ہدف پر غور کیا جا رہا ہے، اس مقصد کے لیے ایک ملٹی چینل نظام متعارف کروانے کی تجویز زیر بحث ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں مختلف شعبوں کیلیے منصوبوں اور تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کیلیے 10 کروڑ اور دانش اسکول کُری اسلام آباد کیلیے 35 کروڑ روپے کا تکنیکی گرانٹ منظور کر لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کیلیے تقریباً 6 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی
قبل ازیں حکومت کی جانب سے مذکورہ اسکیم کے تحت تمام شہریوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے شہری بھی شامل ہیں۔
سکیم کے مطابق گھر خریدنے یا بنانے کے لیے قرضے فراہم کیے جائیں گے جو ایک کروڑ روپے تک ہو سکتے ہیں اور یہ قرضہ 20 سال کی طویل مدت کے لیے ہوگا۔ قرضوں کی رقم کو مختلف سلیبز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 25 لاکھ روپے، 50 لاکھ روپے، 75 لاکھ روپے اور ایک کروڑ روپے شامل ہیں۔
ماہانہ اقساط کی تفصیلات کے مطابق حکومت نے عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے پہلے 10 سالوں کے لیے صرف 5 فیصد فکسڈ مارک اپ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد باقی مدت کے لیے اسٹینڈرڈ مارک اپ لاگو ہوگا، سب سے کم قرضے (25 لاکھ روپے) کی ماہانہ قسط 16,499 روپے جبکہ سب سے بڑے قرضے (ایک کروڑ روپے) کی قسط 65,996 روپے ہوگی۔
حکومت قرضہ فراہم کرنے کے لیے کل لاگت کا 90 فیصد حصہ خود ادا کرے گی جبکہ 10 فیصد حصہ شہری کو خود ادا کرنا ہوگا۔
درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ درست شناختی کارڈ رکھتے ہوں اور کسی بھی مالیاتی ادارے یا بینک کے ڈیفالٹر نہ ہوں۔ درخواست گزار کو اپنی آمدنی کی تفصیلات، جائیداد کی ضروریات اور قرض کی پسندیدہ کیٹیگری کا انتخاب بھی کرنا ہوگا۔
اس اسکیم کے تحت کامیاب امیدواروں کو طویل مدت کے لیے آسان اقساط پر قرضہ دیا جائے گا، جس سے کم آمدنی والے افراد کے لیے اپنا گھر بنانا یا خریدنا ممکن ہوگا۔