دنیا بھر کے عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری

دنیا بھر کے عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری

دنیا بھر کے عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری ہے کہ سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن 1448 ہجری کے لیے ویزا درخواستیں وصول کرنا اور ویزے جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق نئے سیزن کا باقاعدہ آغاز 31 مئی سے کر دیا گیا ہے جس کے تحت بین الاقوامی زائرین اب عمرہ ادائیگی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رواں سال حج کی تکمیل کے بعد نئے عمرہ سیزن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق نئے عمرہ سیزن کے تحت بین الاقوامی زائرین کی آمد کا سلسلہ 23 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :سعودی حکومت کی عمرہ زائرین کو 18 اپریل تک ملک چھوڑنے کا حکم 

حکام نے بتایا کہ عمرہ زائرین مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرہ پرمٹ کے حصول کے لیے حکومت کی “نسک” ایپلی کیشن استعمال کر سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم اجازت ناموں، بکنگ، رہائش، نقل و حمل اور دیگر ضروری خدمات کے لیے ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کرتا ہے جس کا مقصد زائرین کو زیادہ آسان اور منظم سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ ویزے جاری کرنے کی آخری تاریخ 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے جبکہ عمرہ ویزا رکھنے والے افراد 23 مارچ 2027 تک سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ تمام عمرہ زائرین کو 7 اپریل 2027 تک مملکت چھوڑنا ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں :عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، ’ای گیٹس‘ سروس کا باقاعدہ آغاز

ماہرین کے مطابق سعودی حکومت گزشتہ چند برسوں سے عمرہ اور حج کے انتظامات کو مزید جدید اور ڈیجیٹل بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت نسک پلیٹ فارم کو وسعت دی گئی ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کو بہتر سہولیات اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا سکیں۔

نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے اعلان کے بعد مختلف مسلم ممالک میں عمرہ کی تیاری کرنے والے افراد اور ٹریول آپریٹرز نے بھی اپنے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔

editor

Related Articles