عید ختم ہوتے ہی مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل،نیا شیڈول جاری

عید ختم ہوتے ہی مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل،نیا شیڈول جاری

عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں دی گئی وقتی رعایت ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار دوبارہ محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی توانائی بچت مہم کے تحت مارکیٹوں پر وقت کی پابندی دو جون سے ایک بار پھر نافذ العمل ہوگی جبکہ اس پابندی سے استثنیٰ صرف یکم جون تک برقرار رہے گا۔

حکومتی ہدایات کے مطابق دو جون سے تمام مارکیٹیں، بازار اور بیشتر تجارتی مراکز اپنے سابقہ اوقاتِ کار کے مطابق رات 8 بجے بند ہوں گے۔ اسی طرح ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز بھی مقررہ اوقات کی پابندی کریں گے۔ عید کے دنوں میں شہریوں کی خریداری اور کاروباری سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں کو اضافی وقت دیا گیا تھا تاہم تعطیلات کے اختتام کے ساتھ ہی معمول کے اوقات بحال کیے جا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے ملک بھر میں مارکیٹیں اور کاروباری مراکز جلد بند کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کی جانب سے پہلے بھی مختلف اوقات میں توانائی بچت پالیسیوں کے تحت مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار مقرر کیے جاتے رہے ہیں تاکہ بجلی کی طلب میں کمی لائی جا سکے اور قومی وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

تاجر تنظیموں کی جانب سے ماضی میں ان پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہےتاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اجتماعی تعاون ضروری ہے۔ دوسری جانب بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں شام کے اوقات میں خریداری کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، جس کے باعث محدود اوقات کاروباری سرگرمیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :دکانیں بند رکھنے سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی 

حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ توانائی بچت مہم کے اہداف کے حصول کے لیے ضلعی سطح پر نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

editor

Related Articles