دوست کو بچانے کی کوشش ، دو نوجوان خانپور ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق

دوست کو بچانے کی کوشش ، دو نوجوان خانپور ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق

خانپور: خانپور ڈیم میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں دوست کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کرنے والے 2 نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ ایک نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب 3 دوست خانپور ڈیم میں نہانے کے لیے پانی میں اترے۔ نہاتے ہوئے ایک نوجوان اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ اپنے دوست کو مشکل میں دیکھ کر اس کے 2 ساتھی اسے بچانے کے لیے فوراً پانی میں کود پڑے۔

تاہم پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہو گئی اور تینوں نوجوان ڈوب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

 یہ بھی پڑھیں :خانپور ڈیم میں خطرناک حد تک پانی کی کمی، پانی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ

ریسکیو ٹیم نے طویل جدوجہد کے بعد 2 نوجوانوں کی لاشیں پانی سے نکال لیں، جبکہ تیسرے نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر فوری طور پر خانپور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی اور متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔

مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈیموں، نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہاتے وقت انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں کیونکہ گرمیوں کے موسم میں ایسے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں : علی پور چٹھہ،نہر میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 8 افراد ڈوب گئے،4کوبچا لیاگیا

دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نہر اپر چناب میں ڈوبنے والے 18 سالہ نوجوان تصور علی کی لاش چار روز بعد برآمد کر لی گئی۔ نوجوان نہاتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا تھا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی تھیں۔

editor

Related Articles