عید ختم ہوتے ہی مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل،نیا شیڈول جاری

عید ختم ہوتے ہی مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل،نیا شیڈول جاری

عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں دی گئی وقتی رعایت ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار دوبارہ محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی توانائی بچت مہم کے تحت مارکیٹوں پر وقت کی پابندی دو جون سے ایک بار پھر نافذ العمل ہوگی جبکہ اس پابندی سے استثنیٰ صرف یکم جون تک برقرار رہے گا۔

حکومتی ہدایات کے مطابق دو جون سے تمام مارکیٹیں، بازار اور بیشتر تجارتی مراکز اپنے سابقہ اوقاتِ کار کے مطابق رات 8 بجے بند ہوں گے۔ اسی طرح ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز بھی مقررہ اوقات کی پابندی کریں گے۔ عید کے دنوں میں شہریوں کی خریداری اور کاروباری سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں کو اضافی وقت دیا گیا تھا تاہم تعطیلات کے اختتام کے ساتھ ہی معمول کے اوقات بحال کیے جا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے ملک بھر میں مارکیٹیں اور کاروباری مراکز جلد بند کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کی جانب سے پہلے بھی مختلف اوقات میں توانائی بچت پالیسیوں کے تحت مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار مقرر کیے جاتے رہے ہیں تاکہ بجلی کی طلب میں کمی لائی جا سکے اور قومی وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

تاجر تنظیموں کی جانب سے ماضی میں ان پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہےتاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اجتماعی تعاون ضروری ہے۔ دوسری جانب بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں شام کے اوقات میں خریداری کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، جس کے باعث محدود اوقات کاروباری سرگرمیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ توانائی بچت مہم کے اہداف کے حصول کے لیے ضلعی سطح پر نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اسلام آباد میں مارکیٹوں کے اوقا ت کار

وفاقی دارالحکومت میں میں بھی  توانائی بچت اقدامات کے تحت مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز کے اوقاتِ کار محدود کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق آج یکم جون 2026 سے نئی پابندیاں نافذ العمل ہو گئی ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کے غیر ضروری ضیاع کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بعض اہم شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ فارمیسیاں، میڈیکل اسٹورز اور اسپتال معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھ سکیں گے تاکہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ اسی طرح پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی معمول کے اوقات کے مطابق کھلے رہیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :دکانیں بند رکھنے سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی 

حکام کے مطابق ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ اسٹورز، سبزی اور پھل فروش دکانیں اور بیکریاں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے تک اپنی سرگرمیاں سمیٹنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ برسوں میں توانائی بچت مہم کے تحت مختلف اقدامات کیے جاتے رہے ہیں جن کا مقصد بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب پر قابو پانا اور قومی وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانا ہے۔ ماہرین کے مطابق گرمیوں کے موسم میں بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث حکومت وقتاً فوقتاً ایسے انتظامی فیصلے کرتی ہے۔

دوسری جانب تاجروں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے ان پابندیوں پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں خریداری کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ حکومتی مؤقف ہے کہ قومی مفاد میں توانائی کی بچت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے اور اس سلسلے میں نگرانی کا نظام بھی فعال رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles