پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ملک بھر میں غیر فعال ائیرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اقدام کا مقصد فضائی رابطوں کو بہتر بنانا دور دراز علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے مؤثر طور پر منسلک کرنا اور ملکی ہوابازی کے شعبے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل ذیشان سعید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ائیرپورٹ سروسز، انجینئرنگ سروسز اور کمرشل ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے مختلف غیر فعال ائیرپورٹس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان، تربت، دالبندین اور سیدو شریف ائیرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ سکھر اور نیو گوادر ائیرپورٹ سمیت دیگر کم استعمال ہونے والے ائیرپورٹس کی فعالیت بڑھانے اور انہیں مکمل طور پر آپریشنل بنانے کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع نے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کو تمام غیر فعال ائیرپورٹس کی جلد از جلد بحالی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ شعبوں کو بنیادی ڈھانچے، تکنیکی سہولیات اور آپریشنل ضروریات کا جائزہ لے کر بحالی کا عمل تیز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اجلاس میں ملک میں نئی نجی ائیرلائن کے آغاز سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق نئے فضائی آپریٹرز کی شمولیت سے نہ صرف مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اندرون ملک فضائی سفر کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور علاقائی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
غیر فعال ائیرپورٹس کی بحالی سے دور افتادہ علاقوں تک رسائی آسان ہوگی، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔ توقع ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں کے درمیان فضائی رابطے مزید مستحکم ہوں گے اور مسافروں کو سفری سہولتوں کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔