وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے ممکنہ حملوں کے احکامات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے موجودہ کشیدہ صورتحال میں تناؤ کم کرنے کے لیے پاکستان سے فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور خطے میں استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا تسلسل خطے میں امن اور موجودہ مفاہمتوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران باہمی رابطے برقرار رکھیں گے اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ گفتگو میں امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔