سندھ اور جنوبی پنجاب میں آندھی ، مٹی کا طوفان ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی

سندھ اور جنوبی پنجاب میں آندھی ، مٹی کا طوفان ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی

سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید مٹی کے طوفان اور آندھی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ایک بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت، دیواریں، بجلی کے کھمبے اور سولر پلیٹیں گر گئیں جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق گھوٹکی اور اس کے گرد و نواح میں آنے والی شدید آندھی کے دوران مختلف حادثات پیش آئے۔ درختوں، دیواروں اور دیگر بھاری اشیا کے گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی کے مطابق تحصیل اسپتال اوباڑو میں 50 زخمیوں کو منتقل کیا گیا، جبکہ ایک بچی جان کی بازی ہار گئی۔ ڈہرکی اسپتال میں بھی 5 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لایا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :بارشیں، برفباری،آندھی طوفان،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

دوسری جانب کشمور میں آندھی اور مٹی کے طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

راجن پور میں طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈز گر پڑے جبکہ بجلی کے متعدد کھمبے اور تاریں بھی ٹوٹ گئیں۔ اس صورتحال کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں شدید موسمی صورتحال کا الرٹ، کئی اضلاع میں خطرناک طوفانی موسم کا خدشہ

ادھر دادو کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن میں بھی طوفان نے نقصان پہنچایا، جہاں تیز ہواؤں کے باعث کئی ہٹس کی چھتیں اڑ گئیں۔ انتظامیہ نے نقصانات کا جائزہ لینے اور بحالی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سندھ اور پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی مٹی کے طوفان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالت میں رکھا گیا ہے۔

editor

Related Articles