بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے انتباہ جاری

بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے انتباہ جاری

بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے حکومت نے اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزٹ، عمرہ یا دیگر غیر ملازمتی ویزوں پر بیرونِ ملک جا کر کام کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ بعض افراد اور غیر قانونی ایجنٹ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر لوگوں کو وزٹ یا عمرہ ویزوں پر بھجوا دیتے ہیں، جس کے بعد انہیں قانونی مشکلات، گرفتاریوں اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت کوئی بھی پاکستانی شہری لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ ایمپلائمنٹ پروموٹر یا ریکروٹنگ ایجنسی کے بغیر وزٹ، عمرہ یا انفرادی ویزے پر بیرونِ ملک ملازمت اختیار نہیں کرسکتا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ روزگار کے لیے صرف ورک ویزا اور قانونی طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک روزگار، حکومت کا نوجوانوں کیلئے بڑا اعلان

بیورو کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کو بیرونِ ملک ملازمت کے لیے وزٹ ویزا استعمال کرنے کا مشورہ دیا جائے تو وہ محتاط رہے اور فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرے۔ ایسے افراد جو وزٹ ویزا پر بیرونِ ملک جا کر ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں نہ صرف میزبان ملک کے قوانین بلکہ پاکستانی قوانین کے تحت بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کسی غیر ملکی ریاست میں وزٹ ویزا پر کام کرتے ہوئے گرفتار ہو جاتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے جبکہ بعض صورتوں میں اسے ملک بدر کیے جانے یا مستقبل میں ویزا پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومتِ کا بڑا اقدام:، نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لئے “پرواز کارڈ” پروگرام متعارف

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک روزگار کے حصول کے لیے صرف رجسٹرڈ اور قانونی ذرائع استعمال کریں، ملازمت کی پیشکش کی مکمل تصدیق کریں اور غیر قانونی ایجنٹوں کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق احتیاط اور قانونی راستہ اختیار کر کے ہی دھوکہ دہی، گرفتاری اور دیگر مشکلات سے بچا جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles