بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی ادائیگی میں کٹوتی کا حل سامنے آگیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی ادائیگی میں کٹوتی کا حل سامنے آگیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ملک بھر کے مستحق خاندانوں کو مختلف شعبوں میں مالی، تعلیمی اور روزگار کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے تاہم پروگرام کے تحت دیے جانے والے مالی وظائف میں کٹوتی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بی آئی ایس پی کے تحت مختلف شعبوں میں رجسٹرڈ بینیفشریز کو مالی وظائف فراہم کیے جاتے ہیں لیکن متعدد افراد کی جانب سے رقم میں کٹوتی کی شکایات سامنے آنے پر اس مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ فورم پر شکایت درج کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اگر کسی مستحق فرد کو وظیفے کی رقم میں کٹوتی کا سامنا ہے تو وہ اپنی شکایت درج کرانے کے لیے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس سے رجوع کرے۔

تحصیل آفس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا متعلقہ ذمہ دار افسر کو وظیفے میں کٹوتی سے متعلق آگاہ کرنے کے بعد شکایت برائے خُرد بُرد فارم طلب کیا جائے۔

شکایت فارم میں درخواست گزار کو اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر، رقم وصولی کی جگہ اور کٹوتی کی مکمل تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے تیار، 4 بڑے منصوبے سامنے آگئے

بی آئی ایس پی کے مطابق موصول ہونے والی شکایات کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے گی اور اگر شکایت درست ثابت ہوئی تو متعلقہ بینک کو رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ شخص کی کاٹی گئی رقم اسے واپس ادا کر دی جائے گی۔

بی آئی ایس پی نے شکایت درج کرانے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحصیل آفس جاتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ اور موبائل نمبر ساتھ لے جانا نہ بھولیں۔ اگر کوئی شخص شکایت فارم خود بھرنے سے قاصر ہو تو دفتر میں موجود عملے سے مدد حاصل کر سکتا ہے۔

کسی بھی قسم کی شکایت یا رہنمائی کے لیے بی آئی ایس پی ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

Related Articles