ایران دھمکیوں سے مرعوب ہونے والا ملک نہیں، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، محمد باقر قالیباف

ایران دھمکیوں سے مرعوب ہونے والا ملک نہیں، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، محمد باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکیاں دے کر نتائج سے بچ نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایرانی قوم نے حالیہ حالات میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

امام انقلاب امام خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے گزشتہ برسوں میں مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا جارحیت کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف دھمکی آمیز رویوں کا مؤثر جواب دیا گیا ہے اور ملک اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے ایرانی عوام کو یہ درس دیا تھا کہ کسی بھی طاقت کے سامنے سر تسلیم خم نہ کیا جائے اور قومی وقار کے دفاع کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے۔ ان کے مطابق یہی سوچ آج بھی ایرانی قوم کی رہنمائی کر رہی ہے اور ملک کے سیاسی و دفاعی فیصلوں میں اس کی جھلک نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا جنگ بندی پر عمل نہیں کر رہا، بحری ناکہ بندی اور لبنان میں جنگی جرائم اس کا ثبوت ہیں: باقر قالیباف

اسپیکر نے مزید کہا کہ ایران کے عوام اپنے نظریات، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔ ان کے بقول لاکھوں ایرانی شہری امام خمینی اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعلیمات اور فکر کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتے رہیں گے۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، علاقائی مفادات اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اگر کسی جانب سے جارحیت یا دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اس کا مناسب اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایرانی قوم اتحاد، استقامت اور مزاحمت کے جذبے کے ساتھ ملک کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

editor

Related Articles