وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکہ کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات 8دہائیوں پر مشتمل ہیں ۔
انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ نے تاریخ کے اہم ترین ادوار میں مل کر کام کیا ،پاکستان اور امریکہ میں دیرینہ شراکت داری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کو مین آف دی پیس قرار دے دیا ،انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو ہمیشہ امن کے داعی کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امرکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، جو باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود شراکت داری مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہی ہے اور مستقبل میں اس کے مزید مستحکم ہونے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
نیٹلی بیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ایک مشترکہ جذبے اور تعاون کی روح کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام، اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں،صدر ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی پر وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور تعلیم، تجارت، توانائی، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور باہمی اعتماد اس شراکت داری کا اہم ستون ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے اس موقع پر امریکہ کی 250 سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر جمہوری اقدار، جدت، ترقی اور عالمی تعاون کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ دنیا بھر میں اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا، جبکہ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں کی امید کا اظہار کیا۔