اسلام گڑھ اور چکسواری میں صورتحال پر مکمل کنٹرول، مختلف مقامات سے 15 مظاہرین گرفتار

اسلام گڑھ اور چکسواری میں صورتحال پر مکمل کنٹرول،  مختلف مقامات سے 15 مظاہرین گرفتار

میرپور آزاد کشمیر کے علاقے اسلام گڑھ ، چکسواری مختلف مقامات پر جمع ہونے والے مظاہرین کے حوالے سے پولیس نے ایک کارروائی کی ہے جس کے بعد علاقے کی صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لے لیا گیا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق اسلام گڑھ اور چکسواری کے پانچ مختلف مقامات پر لوگوں کے گروہ جمع ہونا شروع ہوئے،  ان گروہوں میں موجود بعض افراد کے پاس پتھر، شیشے کی بوتلیں اور لاٹھیاں یا ڈنڈے موجود تھے ۔

ان افراد کی موجودگی سے علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی اور عام لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی ۔

پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور قانون کے مطابق اقدامات کیے ۔

مسلسل اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام گروہوں کو منتشر کر دیا گیا اور حالات کو قابو میں لے لیا گیا ہے ،  پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 15 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔

 یہ بھی پڑھیں :کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج میں شریک افراد کی نگرانی، فہرستیں مرتب کی جانے لگیں

پولیس کی جانب سے ان افراد سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اجتماع کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا اس میں کوئی منظم منصوبہ بندی شامل تھی یا نہیں ۔

اس کے علاوہ پولیس نے موقع سے دو ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ، کارروائی کے بعد علاقے میں ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے اور سڑکیں دوبارہ آمد و رفت کے لیے کھول دی گئی ہیں ۔

پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دوبارہ اجتماع یا ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے ۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں مکمل امن برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال مسلسل نگرانی میں ہے ۔

واضح رہے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری دونوں دھرنے پرامن طریقے سے اور مزید جانی نقصان کے بغیر ختم کر دیے گئے ہیں۔

Related Articles