عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی خریداری کرنے والے شہریوں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر اس شعبے کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 830 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 63 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 547 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 534 روپے ہو گئی ہے جس سے زیورات کی خریداری اور شادی بیاہ کے سیزن میں سونا خریدنے والے افراد کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صرافہ بازار کے مطابق فی تولہ چاندی 141 روپے مہنگی ہونے کے بعد 7 ہزار 314 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ چاندی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 28 ڈالر 29 سینٹ اضافے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر 27 سینٹ تک جا پہنچی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کے ذخائر میں اضافہ اور محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان نے سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے۔
اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں بھی مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر عالمی معاشی حالات اور سرمایہ کاروں کے رویے آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔